امریکی نائب صدر نے خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا
واشنگٹن (امت نیوز) امریکی نائب صدر مائیک پینس نے خلائی فورس بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ وقت آگیاہے کہ اب دور جدید کی جنگی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خلائی فوج بنالی جائے اور اپنے خلائی اثاثے محفوظ بنائے جائیں ۔ پرواگرام پر رواں برس ہی کام شروع کردیاجائیگا۔ وہ پینٹاگون میں تقریر کررہے تھے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں نیا میدان جنگ اب زمین نہیں خلا ہوگااس لئے وہاں برتری قائم رکھنے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے۔اس پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سب سے پہلے امریکی سپیس کمانڈ بنانا ہوگا جس کے بعد خلائی فوج کی تیاری ممکن ہوسکے گی۔ تاہم امریکی حکومت کو ابھی کانگریس سے اس فیصلے کو منظور کراناباقی ہے۔وہیں امریکی ایوان کے بعض ارکان نے خلائی فوج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنگی طیاروں کا کردار محدود ہوجائیگا جو خلائی فوج سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ ایوان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے ممبران مائیک راجر اور جم کوپر نے اپنے مشترکہ بیان میں نائب صدر کے اعلان کو خوش آئند اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے امریکہ کے خلائی اثاثے محفوظ ہوجائیں گے۔ امریکی حکومت نے خلائی جنگی پروگرام کیلئے کانگریس سے پہلے ہی 8 بلین ڈالر کے اضافی بل کو منظور کرنے کی سفارش کررکھی ہے۔