پنجاب میں حتمی اکثریت حاصل ہونےکاپی ٹی آئی دعویٰ

0

اسلام آباد- چکوال -لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک-نمائندہ امت-امت نیوز)تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے پنجاب میں حتمی اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کاکہناتھاکہ پنجاب میں ہمارے اراکین کی تعداد 186 تک پہنچ چکی ہے اور ہمیں حتمی اکثریت حاصل ہے۔چکوال سے راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کو متوقع وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیے جانے کے پیش نظر مقامی انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے اور نہ صرف علاقے میں موبائل سیکورٹی لگا دی گئی ہے بلکہ راجہ یاسرکی رہائشگاہ کی طرف جانے والے راستوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی کا کام بھی تیز کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے راجہ یاسر سرفراز کو اچانک بنی گالا طلب کیا اور ایک گھنٹہ سے زائد علیحدگی میں ان سے ملاقات کی ۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دریں اثناء مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بھی کوٹ سرفراز میں راجہ یاسر سرفراز کی رہائشگاہ کا رخ کر لیا ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں راجہ یاسر سرفراز کے مکمل کوائف اکٹھے کر رہی ہیں۔راجہ یاسر کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی خبروں کے بعد ضلع بھر کی سیاست میں ہلچل مچی ہے اور چکوال الیکٹرانک میڈیا پر بھی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ مختلف پروگراموں اور ٹاک شوزمیں ضلع چکوال کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کی درخواست جمع کرا دی ۔میاں شہباز شریف پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 164 اور 165 سے بھی منتخب ہوئے تھے تاہم وفاق کے معاملات سنبھالنے اور پارٹی قیادت کے باعث انہوں نے اپنی صوبائی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ خیال رہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے کامیاب ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More