بلدیہ وسطی کے ملازمین نے بھی صفائ سے انکار کردیا
کراچی(رپورٹ: نعمان اشرف) کورنگی کے بعد بلدیہ وسطی کے 5ہزار ملازمین نے بھی تنخواہیں و دیگر الاؤنسز نہ ملنے پر عید الاضحی پر کام کرنے سے انکار کردیا ہے، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کا تاحال کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے، چیئرمین ریحان ہاشمی کیخلاف سیکڑوں ملازمین نے احتجاج کرکے ان کی برطرفی کا مطالبہ کردیا۔ کورنگی کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل کے بھی 5ہزار ملازمین نے عیدالاضحیٰ کے روز فرائض انجام دینے سے انکار کردیا ہے۔ ملازمین کے کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے الاؤنسز کی ادائیگی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے تک وہ کسی قسم کے اضافی فرائض انجام نہیں دینگے۔ جمعرات کے روز سیکڑوں بلدیاتی ملازمین نے چیئرمین ریحان ہاشمی کیخلاف دفتر کے اندر اور باہر احتجاج بھی کیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جس پر ریحان ہاشمی کی برطرفی کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس سے بھی انصاف مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ریحان ہاشمی کو گھیر لیا، جس کے بعد انہوں نے داد رسی کی یقین دہانی کرائی، جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ مظاہرے کی وجہ سےضلع وسطعی کے مختلف علاقوں کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے عیدالاضحی کے حوالے سے کوئی اب تک کوئی انتظامات نہیں کئے ہیں، ماضی میں فیڈرل بی ایریا اور سرجانی میں آلائشیں دفن کرنے کیلئے کھدائی کی جاتی ہے، تاہم اب تک کسی قسم کی کھدائی نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آلائشیں اٹھانے کیلئے 25 ڈمپر، 2 شاول اور 80 سے زائد سوزوکیاں استعمال کی جاتی ہیں، تاہم مذکورہ گاڑیوں میں بیشتر خراب ہیں اور اگر مرمت کیلئے بھیجی بھی جائیں تو عید الاضحی سے قبل بن کر واپس آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی ریحان ہاشمی کی جانب سے انتظامات نہیں کئے گئے تھے اور لیاقت آباد سمیت اطراف کے علاقوں کی آلائشیں لیاقت آباد فلائی اوور کے نیچے دفن کرنا پڑی تھیں جبکہ بیشتر آلائشیں کچرا کنڈی میں پھینک دی گئیں، جس کی وجہ سے علاقہ مکین اذیت میں مبتلا ہوگئے تھے۔ اس ضمن میں ریحان ہاشمی سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔ بعدازاں انہیں ٹیکسٹ مسیج بھیج دیا گیا لیکن اس کے باوجود انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ ’’امت‘‘ نے وائس چیئرمین ضلع وسطی شاکر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ریحان ہاشمی کیخلاف نہیں تھا۔ انہوں نے آلائشوں سے متعلق بات کرنے سے معذرت کی اور فون بند کردیا۔