وافر دستیابی کے باوجود عیدتک پیاز مہنگی کرنے کی تیاری

0

کراچی ( رپورٹ : اسامہ عادل ) وافر دستیابی کے باوجودمنافع خوروں نے عید تک پیاز مہنگی کرنے کی تیاری کر لی ۔بلوچستان سے یومیہ 100ٹن سپلائی سبزی منڈی آرہی ہے ۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی غفلت کے باعث مارکیٹ میں بڑی اور چھوٹی پیاز 5 سے 10 روپے کلو مہنگی فروخت ہورہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے دوران شہر میں پیاز کی قیمتوں میں واضح اضافے کا کوئی امکان نہیں ہے ، تاہم پرائس کنٹرول کمیٹی کی عدم توجہی سے پیازنرخوںمیں 5 سے 10 روپے کلو اضافہ ہو سکتا ہے ، اس وقت شہر میں یومیہ طلب 800 ٹن ہے جو عید الاضحی پر ایک ہزار ٹن ہو سکتی ہے تاہم بلوچستان سے بلاتعطل سپلائی کے باعث پیاز کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے ۔گذشتہ روز جاری سرکاری فہرست کے مطابق بڑی پیاز کا منڈی ریٹ 33 روپے کلو جب کہ بچت بازار کا 35 اور مارکیٹ ریٹ 36 روپے مقرر کیا گیا ، اسی طرح چھوٹی پیاز کا منڈی ریٹ 22 روپے جب کہ بچت بازار اور مارکیٹ ریٹ بالترتیب23 اور 24 روپےکلو مقرر کئے گئے تاہم پرائس کنٹرول کمیٹی کی غفلت کے باعث سرکاری نرخوں کے برعکس مارکیٹ میں پیاز 5 سے 10 روپے کلو مہنگی فروخت کی گئی ۔ اس سلسلے میں بیو پاری عبدالمالک نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ اس وقت بلوچستان سے پیاز کی بلا تعطل سپلائی جاری ہے جب کہ منڈی میں پیاز900 سے1100روپےمن فروخت ہورہی ہے ۔ ایک اور بیوپاری حاجی یار خان کے مطابق عید الاضحی پر شہر میں پیاز کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہےالبتہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عید پراکثر ٹرانسپورٹر اپنےآبائی علاقوں کو چلے جاتے ہیں اور گاڑیاں کم ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ روازانہ کی بنیاد پر منڈی سے شہر کی مختلف مارکیٹوں میں اشیاء سپلائی کرنے والے گاڑیوں کے اکثر مالکان زائد منافع کے لئے مویشی منڈیوں کا رخ کرلیتے ہیں جس کے باعث سبزی منڈی میں گاڑیاں کم ہونے سے کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے ، جس کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جب کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے اشیا خوروونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر فروخت کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے بھی من مانےدام وصول کئے جاتے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More