پاکستانی کرکٹرز ٹیسٹ فارمیٹ میں بدستور پیچھے

0

پاکستانی کرکٹرز ٹیسٹ فارمیٹ میں بدستور پیچھے ہیں۔ جس کے باعث تینوں شعبے میں کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ ٹین پوزیشن پر جگہ نہیں بنا سکا۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی اجارہ داری تاحال برقرار ہے۔ ادھر ون ڈے انٹر نیشنل میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی پہلی پوزیشن کا تعاقب بابر اعظم کیلئے سخت چیلنج قرار دیا جارہا ہے۔ پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی ون ڈے فارمیٹ کے نمبر ون بالر بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے تینوں طرز کے کھیل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں غیر معمولی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ پاکستان اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں درجے کی ٹیم ہے، جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل درجہ بندی میں پاکستان پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اول پوزیشن پر براجمان ہے۔ دوسری جانب ٹیسٹ کی انفرادی رینکنگ کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی کرکٹرز بنگلہ دیشی کرکٹرز سے بھی پیچھے ہیں۔ ماہرین نے اس تاریخی تنزلی کی وجہ ہوم گرائونڈ میں کرکٹ نہ ہونے اور سال بھر میں دیگر ٹیموں کے مقابلے میں ٹیسٹ کرکٹ کی تعداد میں کمی بتائی ہے۔ اسی سبب پاکستانی ٹیسٹ کرکٹرز تقربیاً ڈیڑھ برس سے تینوں شعبوں میں ٹاپ ٹین پوزیشن پر جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن پر آنے کیلئے پاکستانی کرکٹرز کو مزید طویل عرصہ انتظار کرنا ہوگا۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹیسٹ کی بیٹنگ رینکنگ میں ابتدائی ٹاپ ٹین پوزیشن میں پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین موجود نہیں۔ جبکہ ٹیسٹ کی ٹاپ ٹوئنٹی رینکنگ میں اظہر علی واحد بلے باز ہیں جو 672 پوائنٹس کے ساتھ 15 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ اسد شفیق کا رینک 27 واں ہے۔ جبکہ قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد 39 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ کی بالنگ درجہ بندی میں نظر ڈالی جائے تو ٹاپ ٹین پوزیشن پر ایک بھی پاکستانی بالر شامل نہیں، تاہم اسپنر یاسر شاہ اس وقت 18 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ محمد عباس وہ واحد پاکستانی بالر ہیں جہنوں نے محض ایک ٹیسٹ سیریز میں تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے لمبی چھلانگ لگائی اور درجہ بندی میں 22 ویں پوزیشن حاصل کی۔ لیکن پاکستانی ٹیم کے اصل پیس اٹیکرز محمد عامر 32 ویں اور پاور جنریٹر حسن علی 65ویں نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ کی آل رائونڈ فہرست میں بھی اب تک کوئی پاکستانی جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی انفرادی درجہ بندی انتہائی مستحکم ہے۔ قومی اوپنر فخر زمان اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے دوسرے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں۔ جبکہ بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ ٹوئنٹی بیٹسمین لائن اپ میں شعیب ملک 27 ویں اور کپتان سرفراز احمد 36 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بالنگ رینکنگ کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کے ٹاپ اسپنر شاداب خان معمولی فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جبکہ افغان اسپنر راشد خان پہلی پوزیشن پر قابض ہوگئے ہیں۔ بالنگ درجہ بندی میں دوسرے نمایاں پاکستانی بالر محمد عامر ہیں، جو اب 13 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ون ڈے فارمیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی درجہ بندی کا جائزہ لیا جائے تو مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ لیکن انہیں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی پہلی پوزیشن چھیننے کیلئے آئندہ ون ڈے سیریز میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔ دونوں بیٹسمین کے درمیان پوائنٹس کا فرق اب بھی ایک سو سے زائد ہے۔ جبکہ تیسرے نمبر پر موجود انگلش بیٹسمین جوئے روٹ صرف ایک بہترین اننگ کے ساتھ بابر اعظم کو پیچھے کر سکتے ہیں۔ دونوں بیٹسمین کے درمیان پوائنٹس کا فرق بہت ہی کم ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی جانب سے دوسرے کامیاب بیٹسمین فخر زمان ہیں، جو اس وقت 16 ویں پوزیشن پر ہیں۔ جبکہ محمد حفیظ 39 اور امام الحق 43 درجے کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ادھر ون ڈے انٹرنیشنل کی بالنگ رینکنگ میں فاسٹ بالر حسن علی کے پاس نمبر ون بالر بننے کا سنہری موقع موجود ہے۔ حسن علی کی موجودہ پوزیشن تیسری ہے، لیکن ان کے پوائنٹس کا مارجن پہلے نمبر پر موجود بھارتی بالر بھمرا اور دوسرے نمبر پر موجود راشد خان بہت ہی کم ہے۔ ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی حسن علی کو نمبر ون بالر بنا سکتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ون ڈے بالنگ رینگنگ میں دوسرے کامیاب بالر محمد عامر ہیں، جو اس وقت28 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ جبکہ ون ڈے کی آل رائونڈ فہرست کا جائزہ لیا جائے تو بالنگ کرانے سے محروم ہونے والے محمد حفیظ بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جبکہ عماد وسیم کا نمبر 18 واں ہے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More