کراچی (اسٹاف رپورٹر) کار سوار ملزمان پی ایس او کے ٹینکر پر کیمیکل پھینک کرفرار ہو گئے۔ٹینکرمیں آگ لگنے سے ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوگیا۔ تاہم پولیس نے بر وقت کارروائی کرکےٹینکر میں موجود 48 ہزار لیٹر پیٹرول جلنے سے بچالیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے کاٹھور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم کار سواروں نے پی ایس او کے ٹینکر نمبر TME-741پر کیمیکل پھینک دیا، جس کی وجہ سے آئل ٹینکر کے کیبن میں آگ بھڑک اٹھی اور ڈرائیور 48سالہ علم نواز ولد محمد نواز جھلس کر زخمی ہوگیا ۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے زخمی کو استپال پہنچایا اور48ہزار لٹر سے بھرےٹینکر سے کیبن کو فوری الگ کرکےعلاقے کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ ہیڈ محرر عابد نے ’’امت‘‘ کوبتایا کہ ڈرائیور قائد آباد میں ہوٹل پر رات کھانا کھانے کے بعد ٹینکر لے کر اندرون سندھ جارہا تھا ،جیسے ہی ڈرائیور کاٹھور پہنچا تو کار سوار ملزمان نےپہلے آئل ٹینکر پر پتھراؤ کیا اوربعد میں کیمیکل پھینک کر کیبن کو آگ لگادی اور فرار ہوگئے ۔ پولیس واقعہ کی تمام پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے ۔دریں اثنا آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے پی ایس او کے ٹینکر پر مبینہ آتشگیر مادے سے حملے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر متعلقہ ڈی آئی جی سے تفصیلی انکوائری اور اٹھائے گئے اقدامات پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔