تمام سہولیات فراہمی کا میئر دعویٰ ٹرانسپورٹرز نے جھٹلا دیا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ نے پارکنگ ٹرمینل پر تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔آل پاکستان آئل ٹینکرز مالکان کے سربراہ اسلم نیازی،سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے حنیف خان مروت اور الائیڈ بزنس شاپ کیپرز یونین کے منور حسن کا کہنا ہے کہ ذوالفقار آباد ٹرمینل جزوی فعال ہو تو ہم بلا تاخیر منتقل ہو جائیں گے۔’’امت‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ ٹرمینل کے بارے میں تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ٹینکرز پارکنگ کے وہ نتائج نہیں نکلے جو ہونے چاہئے تھے۔عدالتی احکام پر دیگر اداروں نے عمل نہیں کیا۔دفعہ 144کے پابندی کے باوجود ٹرمینل کے باہر ٹینکرز پارک کئے جا رہے ہیں۔ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ٹرمینل میں سب فائر اسٹیشن،مسجد،وضو خانے،کینٹین و ریسکیو یونٹ سمیت ہم نے تمام سہولیات مہیا کر دی ہیں ۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز مالکان کے سربراہ اسلم نیازی،سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے حنیف خان مروت اور الائیڈ بزنس شاپ کیپرز یونین کے منور حسن کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم سمیت تمام اداروں نے اپنا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ہے ۔ عدالت کا ہر فیصلہ منظور ہے ۔ حکومت سندھ اور بلدیہ عظمیٰ نے عدالت کو اندھیرے میں رکھا اور یہ صورتحال قابل مذمت ہے ۔ تمام حقیقی یونینز مل کر آئند سماعت پر سپریم کورٹ میں پیش ہو کر عدالت کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔میئر کراچی نے ذوالفقارآباد کو سیاسی ڈرامہ بنا رکھا ہے۔ ورکشاپس کی منتقلی کے حوالے سے جعلی سروے کیا گیا۔ہم کہہ چکے ہیں کہ ورکشاپس کے حوالے سے ہمیں ڈی مارکیشن کر کے پلاٹ دئیے جائیں ہم تعمیر خود کریں گے تاکہ حکومت پر بوجھ نہ پڑے لیکن کے ایم سی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔میئر کراچی جعلی تنظیم کی مدد سے عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں ،جسے جدید ترین ٹینکرز ٹرمینل کہا جا رہا ہے وہاں اسٹریٹ لائٹ تک نہیں ۔ چیف جسٹس ناظر کو مقرر کرنے کے بجائے خود دورہ کریں تو سب پتہ چل جائے گا۔ ہمارا مطالبہ صرف اتنا ہے کہ ہمیں بنیادی سہولیات دی جائیں،ورکشاپس قائم کی جائیں ، تھری فیز بجلی فراہم کی جائے ورکشاپس کی عدم منتقلی کی وجہ سے ٹینکرز کو ملک کا چکر لگا کر واپس آنے پر مرمت کیلئے شیریں جناح لے جانا پڑتا ہے جس سے10ہزار کے اضافی اخراجات ہوتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More