یوم آزادی پر کشمیری مجاہدین حملے کے خوف سے بھارت حواس باختہ

0

لاہور(نمائندہ امت) بھارتی یوم آزادی پر مجاہدین کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔بھارتی فوج نے پورے کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کرنا شروع کر دیا ، پکڑدھکڑکاسلسلہ جاری ہےجبکہ حریت قیادت نے یوم سیاہ منانے کی کال دے دی،کشمیری 14اگست کوپاکستان کا یوم آزادی منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی عسکری حکام نے 15اگست کو کشمیری مجاہدین کے حملوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔بھارتی فوج نے پورے کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے اور جگہ جگہ سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ کی جارہی ہے۔ بھارتی فورسز اہلکار کشمیریوں کے شناختی کارڈ چیک کر رہے ہیں اور سرگرم کشمیریوں کو حراست میں لینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مختلف علاقوں میں کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر انہیں ہراساں کرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اورمحمد یٰسین ملک نے 15اگست کے حوالہ سے کشمیریوں کو ہراساں کرنے اور تشدد کے واقعات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی انتظامیہ اور فوج نے سکیورٹی کے نام پر پورے کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔دریں اثنا حریت کانفرنس جموں کشمیر کے قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک کی اپیل پر کشمیری عوام 15اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے اور مکمل ہڑتال کی جائے گی۔اسی طرح کشمیری نوجوانوں کی جانب سے 14اگست بھی بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ برس دختران ملت کی خواتین کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا تھا۔مقامی کشمیریوں میں 14اگست کے دن پاکستان کا یوم آزادی منانے کے حوالہ سے بھی زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر نوجوانوں کی جانب سے سبز ہلالی پرچم بھی لہرائے جائیں گے۔یاد رہے کہ ماضی میں بھی کشمیریوں کی جانب سے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور جوش و جذبہ سے منایا جاتا ہے اور پاکستانی پرچم لہرانے کے جرم میں کئی کشمیریوں پر بغاوت کے مقدمات بھی بنائے جا چکے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے 15اگست کو بھارتی یوم آزادی پر منعقد کی جانے والی تقریبات کے سلسلے میں انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔سرکاری ملازمین کو حکومتی تقریبات میں شرکت کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے جس پر ملازمین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سری نگر میں بھارتی فورسز حکام کی ایک اعلیٰ سطح میٹنگ بھی ہوئی ہے جس میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں 15 اگست کو ہونے والی تمام سرکاری تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے اور حالات قابو میں رکھنے کیلئے بنائی گئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے پورے کشمیر میں ناکے لگا کر گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشیاں بھی لی جا رہی ہیں۔ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری تقریبات میں ضرور شریک ہوں وگرنہ ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More