کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس سرپرستی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے باعث شہر میں بدترین ٹریفک جام رہنے لگا اور شہریوں کا گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہنا معمول بن گیا ، تفصیلات کے مطابق عید قربا ن قریب آتے ہی مختلف علاقوں میں پولیس سرپرستی میں غیر قانونی مویشی منڈیاں لگنا شروع ہوگئیں ، جس کے باعث رات کے اوقات میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ۔غیر قانونی مویشی منڈیاں رات کے وقت مختلف سڑکوں پر لگائی جانے لگی ہیں ۔ مزار قائد کے قریب پیپلز سیکریٹریٹ کے سامنے مغرب کے بعد مختلف علاقوں سے بیوپاری بکرے لے کر پہنچ جاتے ہیں جس کی وجہ سے پیپلز چورنگی پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے نیو ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ، جبکہ گلبرک کے علاقے طاہر ولا چورنگی پر بھی بکروں کی غیر قانونی مویشی منڈی لگائی جارہی ہے جس کی وجہ سے واٹر پمپ چورنگی اور عائشہ منزل پر ٹریفک جام رہتا ہے ، دو منٹ چورنگی سے متصل کریلا اسٹاپ کے قریب بھی فٹ پاتھ پر غیر قانونی مویشی منڈی لگتی ہے جس کی وجہ سے پاور ہاؤس چورنگی سے سرجانی جانے والی سڑک پرٹریفک جام ہونے سےگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ پارکنگ کا کوئی انتظام نہیں ہے اور خریدار مین سڑکوں پر اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے جانور خریدنے میں مصروف رہتے ہیں ، مین سڑکوں پر گاڑیاں پارک ہونے سے شہر کی اہم سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں ، ذرائع کے مطابق شہر کی مختلف سڑکوں پر لگنے والی غیر قانونی مویشی منڈیاں پولیس سرپرستی میں چل رہی ہیں اور علاقہ پولیس مبینہ طورپر بیوپاریوں سے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصول کرتی ہے ، جن سڑکوں پر ٹریفک جام رہتی ہے وہاں ٹریفک کی روانی بحال کرانے کیلئے ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں ہوتا اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کی روانی بحال کراتے ہیں۔