خالدمقبول- حیدررضوی سمیت 4متحدہ رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری، ملک مخالف نعرے بازی، بغاوت، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی ، نجی ٹی وی پر حملہ سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مفرور متحدہ بانی الطاف حسین ، خالد مقبول ،حیدر عباس رضوی اور خوش بخت شجاعت سمیت دیگر کے ناقاضل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،عدالت نے مفرور ملزمان کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پرگرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہفتے کے روز سماعت کے موقع پر متحدہ رہنما فاروق ستار، عامر خان ،کنور نوید جمیل ،قمر منصور و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے 3 مقدمات کا حتمی چالان پیش کیا گیا ،جن میں پولیس نے بانی متحدہ الطاف حسین، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر کو مفرور قرار دیا ۔عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، حیدرعباس رضوی اور خوش بخت شجاعت کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ 5 مقدمات کی سماعت کے موقع پر ایک ملزم فیصل کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ کی جاسکی ،جب کہ دیگرملزمان کو مقدمات کی نقول فراہم کرتے ہوئے سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔