تاوان وصولی کیلئے ناخلف بیٹے کا اغوا ڈرامہ ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گھر والوں سے پیسے بٹورنے کے لئے ناخلف بیٹے کے اغوا کا ڈرامہ ناکام ہوگیا۔ نوجوان نے ساتھیوں کی مدد سے خود کو اغواءکرنے کا ڈرامہ رچا کر اہلخانہ سے 5 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے میں طالب علم احسن خود ہی مغوی، خود ہی اغوا کار بن گیا، نوجوان نے اپنے ہی گھر والوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اہل خانہ سے رقم بٹورنے کیلئے انوکھی واردات کر ڈالی، اطلاعات کے مطابق 18سالہ طالب علم احسن نے خود اغوا ہو کر اپنے ہی اہل خانہ سے 5لاکھ تاوان کا مطالبہ کیاتھا، اغوا ہونے کی خبر ملتے ہی گھر والوں نے گلشن اقبال تھانے میں پرچہ کٹوا دیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی اور اسکے دوست سمیت ملزمان کو پکڑ لیا، پولیس کے مطابق پلان کامیاب ہونے کے بعد رقم کا بٹوارہ بھی ہونا تھا،تاہم مغوی احسن کے والدین کے مقدمہ درج کروانے کے بعد ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا جو خود مغوی احسن اور اسکے دوست حارث اور اسامہ کے خلاف درج کیا گیا،گھر والوں نے گلشن اقبال تھانے میں بچے کے اغوا ہونے کا مقدمہ درج کرایا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا پولیس کے مطابق ملزم کو پتا تھا کہ اس کی ماں کو ورثے میں پیسے ملے ہیں، جس کے بعد ملزم نے اپنے دوستوں سے طے کیا تھا کہ جیسے ہی رقم حاصل ہوگی میں تم لوگوں کو بھی کچھ حصہ دوں گا، ملزم کے ساتھ دو دیگر ساتھی محمد حارث اور محمد اوسامہ بھی شامل ہیں۔