ادلب کے اسلحہ گودام میں دھماکہ – بچوں سمیت 39 شہید

0

دمشق (امت نیوز) ادلب کے اسلحہ گودام میں دھماکہ سے بچوں سمیت 39 شامی شہید جبکہ درجنوں ز خمی ہوگئے ہیں ، دھماکے کے نتیجے میں 2رہائشی عمارتیں منہدم ہو گئیں جن کے ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں وہیں بڑے حملے کیلئے ادلب کے اطراف بشار افواج جمع ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام میں موجود برطانوی تنظیم نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا ادلب کے ایک قصبے سرمدا کی رہائشی عمارت میں ہوا۔تنظیم کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ ابتدا میں 12 لاشیں نکال لی گئی تھیں تاہم امدادی کارروائی کے دران ملبے سے مزید لاشیں ملیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکا سرمدا کی رہائشی عمارت میں قائم اسلحہ ڈپو میں ہوا لیکن دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکیں۔ گودام میں دھماکہ سے 2 رہائشی عمارتیں زمیں بوس ہوگئیں جس کی وجہ سے 12 بچوں سمیت 39 افراد شہید ہوگئے۔ شہدا میں خواتین کی بھی کافی تعداد موجود ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرنے والی عمارتوں کے ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہےتاہم دھماکے کا سبب معلوم نہیں ہوسکاہے۔ گزشتہ روز بھی مختلف شہروں میں بشار فضائیہ کی بمباری سے 67 افراد شہید جبکہ 350 زخمی ہوگئے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بشار فوج کی جانب سے اِدلب کے مغربی دیہی علاقے جسر الشغور شہر کے نزدیک اپنی فورسز کو اکٹھا کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس پر عالمی برادری ممکنہ لڑائی کے حوالے سے کافی تشویش کا شکار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More