19 اور 20 اگست کع 2 عید اسپیشل ٹرینیں شلانے کا اعلان

0

کراچی ( رپورٹ / صفدر بٹ ) محکمہ ریلوے کی جانب سے عیدالاضحیٰ سے پہلے کراچی سے اندرون ملک کیلئے 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے،جس کا اعلان آج کیا جائے گا۔تاہم محکمہ ریلوے نے بکنگ کی تاریخ نہیں دی۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین 19 اگست کو کراچی سے پشاور ،جبکہ دوسری 20 اگست کراچی سے لاہور جائے گی۔پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور نے عیدالاضحیٰ کیلئے کراچی سے 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالا ضحیٰ سے ایک ہفتے بعد تک کی تمام مسافر ٹرینوں کی ٹکٹس پیشگی فروخت ہو چکے ہیں اور عیدالاضحیٰ سے قبل کراچی سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کو ٹکٹس کے حصول میں ناکامی کا سامنا ہے اور مسافروں کی بڑی تعداد نے عید سے قبل کی تاریخوں میں مجبورا اندرون ملک جانے کیلئے بسوں کے ٹکٹس خرید لئے ہیں ،تاہم اب بھی مسافروں کی بڑی تعداد ٹرینوں میں ٹکٹس حاصل کرنے کی امید پر کراچی کینٹ اور سٹی اسٹیشن کے بکنگ آفسز کا رخ کر رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو مد نظر رکھتے ہوئے2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں کراچی سےبراستہ حیدرآباد ، روہڑی ، ملتان ، خانیوال ، فیصل آباد ، ملکوال ، لالہ موسیٰ ، راولپنڈی سے پشاور کیلئے جانے والی پہلی عید اسپیشل ٹرین اتوار 19 اگست کو سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوگی ، 14 بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں تمام بوگیاں اکانومی کلاس کی ہیں ،جس میں 1046 مسافروں کیلئے نشستوں کی گنجائش ہے ۔ کراچی سے لاہور کیلئے دوسری عید اسپیشل ٹرین پیر 20 اگست کو کینٹ اسٹیشن سے روانہ کی جائے گی ، ٹرین اپنے مقررہ راستوں رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی لاہور پہنچے گی ۔ ٹرین میں اکانومی کلاس کی 9 بوگیاں لگائی جائیں گی ،جس میں 702 مسافروں کیلئے نشستوں کی گنجائیش ہے ، ٹرین میں اے سی اسٹینڈرڈ ( لوئر اے سی ) کی ایک بوگی میں 70 اور اے سی بزنس کلاس کی ایک بوگی میں 54 مسافروں کی گنجائش ہے ،جبکہ ٹرین کی آخری بوگی میں اکانومی کلاس کے مسافروں کیلئے 32 نشستوں کی گنجائش ہے ۔ اس ضمن میں ریلوے کراچی ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیر کو ملک بھر سے چلائی جانے والی عید اسپیشل ٹرینوں کا اعلان متوقع ہے۔ عید اسپیشل ٹرینوں میں بکنگ 14 اگست کے بعد متوقع ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا عید سیزن کامیابی سے جاری ہے اور ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اضافی بوگیاں بھی لگائی جا رہی ہیں ،تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More