فریال و دیگر کیخلاف اقاموں پر الیکشن کمیشن کو جواب داخل کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل 2رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور، منظور وسان، ناصر حسین، سہیل انور سیال اور دیگر کے خلاف اقامہ رکھنے سے متعلق دائر درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو 4ستمبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی معظم عباسی ،محمد زبیر ،میر پنھل خان تالپور اور ممتاز علی چانڈیو کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت پر جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ تمام درخواستوں کو ایک ساتھ سن کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی مصروفیات کم ہوگئی ہیں، اب اقامہ کے معاملے کو بھی دیکھاجائے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہیں کیا جاتا اور درخواست پر فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک فریال تالپور سمیت دیگر کو حلف لینے سے روکا جائے۔جسٹس عقیل احمد عباسی کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے سندھ پولیس افسران کی تقرری تبادلوں کی مدت کے لیے قانون سازی کے حوالے سے سابق وزیر اعلی مراد علی شاہ اور سابق چیف سیکرٹری رضوان میمن کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔