کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن آزادی پر ٹریفک کنٹرول کے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے سے شہر بھرمیں بدترین ٹریفک جام رہا ۔مختلف مقامات پر ریلیوں نوجوانوں کےبھنگڑوں اور رقص کے باعث سڑکیں بند ہو کر رہ گئیں متبادل روٹس نہ ہونے کی وجہ سےشہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پر حکومتی دعوؤں کے باوجود ٹریفک نظام رواں رکھنے کے انتظامات بری طرح ناکام رہے ،جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑا،جشن آزادی منانےکیلئے شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بیشتر شاہراہوں کو بلاک کر کے ناچ گانا شروع کردیا ۔اس حوالے سے پولیس ذرائع نے بتایاکہ شہریوں کےعلاوہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی ریلیاں نکالیں ،جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ حسن اسکوائر سے جیل چورنگی اور مزار قائد جانے والے روڈ پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ،جبکہ متصل شاہراہوں پر نوجوان تیزمیوزک پررقص میں مشغول رہے ، جبکہ ساحل سمندر جانے والی مرکزی شاہراہ خیابان اتحاد اور کریک روڈ پر بھی گھنٹوں ٹریفک جام رہا ۔