کراچی(رپورٹ:عظمت علی رحمانی )مدارس میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی۔ قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کئے گئے۔پریڈ بھی کی گئی۔طلبہ نے پاکستان کی ترقی و ترویج میں علما اور مدارس کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ علمائے کرام نے تقریبات میں پاکستان بنانے کا مقصد اور اس میں علمائے کرام کے کردار پر روشنی ڈالی۔آخر میں پاکستان کی سلامتی اور ترمی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کرائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مدارس میں بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔اکثر مدارس میں اسکول کے بھی طلبہ کو شامل کرکے اکھٹی تقریب منعقد کی گئی، جس میں طلبہ نے باقاعدہ پریڈ بھی کی اور قومی ترانہ و ملی نغمے بھی پڑھے ،جبکہ اکثر مدارس میں پرچم کشائی کی گئی۔جامعہ دارالعلوم کراچی میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دارالعلوم میں درس نظامی کے طلبہ کا علیحدہ پروگرام منعقد ہوا، جس کی نگرانی مفتی محمدتقی عثمانی نے کی۔صبح 8 بجے پرچم کشائی کی گئی۔طلبہ نے ملی نغمے، قومی ترانہ پڑھا اور پریڈ بھی کی جب کہ آخر میں مفتی تقی عثمانی نے پاکستان بننے میں علمائے کرام کے کردار کو اجاگر کیا۔جامعہ کے عصری علوم کے ادارے حرا فاؤنڈیشن اور مدرسہ للبنات نے علیحدہ علیحدہ تقریب منعقد کی۔مذکورہ تقریبات کو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کیا گیا۔جامعہ الرشید کراچی میں پرچم کشائی کےبعد طلبہ نے ملی نغموں کے علاوہ ترانہ بھی پیش کیا۔اساتذہ نے پاکستان میں علما کے کرادار پر روشنی ڈالی گئی اور آخر میں پاکستان میں خوشحالی کے لئے دعا بھی کرائی گئی ۔ مدرسہ جامعہ محمودیہ مدنیہ بفرزون سیکڑ 15اے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں گزشتہ 15برس سے 14اگست پر تقریب ہوتی ہے۔ گزشتہ روز تقریب میں قومی ترانہ پڑھا اور پرچم کشائی کی گئی۔ نائب مہتمم مولانا عمر مدنی نے اسلام اور پاکستان اور پاکستان کی بنیادوں میں اکابرین کی قربانیوں پر لیکچر بھی دیا گیا۔اس کے علاوہ جامعہ انوار العلوم مہران ٹاؤن کورنگی، جامعہ مظہر العلوم حمادیہ اتحاد ٹاؤن ،اقرا روضۃ الاطفال اکیڈمی، الحارث اسلامک اکیڈمی کے طلبہ نے بھی ملی نغمے اور قومی ترانہ پیش کیا۔جامعہ اشرف المدارس کے شعبہ دارالقرآن اورالمظہر اسکول کے طلبہ نے نائب مہتمم مولانا محمد ابراہیم کی قیادت میں ایک کلومیٹر طویل جشن آزادی مارچ کیا۔ بعد میں جامعہ کے ہی احاطے میں طلبہ نے قومی ترانہ پیش کیا ،جس کے بعد مسجد اشرف میں مولانا شفیق احمد بستوی نے تحریک پاکستان اورعلماء کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس مقصد و نظام کے لئے بنایا گیا تھا، آج اس نظام کا نفاذ ضروری ہے۔رئیس الجامعہ مولانا شاہ حکیم محمد مظہر نے کہا کہ پاکستان کے حصول کا مقصد یہاں پر اسلامی نظام کا نفاذ تھا۔آخر میں پاکستان کی خوش حالی ترقی امن و امان کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔معہد عثمان بن عفان 36ڈی لانڈھی میں بھی جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مدرسہ کے الغزالی ہائی اسکول کے طلبہ سمیت 1500تک طلبہ اور 60اساتذہ شریک تھے۔ مہتمم مولانا شبیر احمد نے پاکستان بنانے میں مفتی شبیر احمد عثمانی اور مفتی ظفر احمد عثمانی کا کردار کے اجاگر کیا۔مرکز فہم دین بیت السلام مسجد ڈیفنس میں مولانا عبدالستار اور جامعہ سعدیہ زمزمہ کلفٹن میں مولانا منظور العباسی کی نگرانی میں تقاریب ہوئیں۔مدرسہ قاسم العلوم نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی ، مدرسہ تعلیم القرآن قبا مسجد ہجرت کالونی، جامعہ سعید یہ ڈیفنس فیز 5زمزمہ ،مدرسہ اختر صدر ،جامعہ اسلامیہ مدینہ العلوم لیاری، اقرا مہدل زید بن ثابتؓ لیاری میں تقاریب میں ترانہ ، نغمے پڑھے گئے۔ادارہ معارف القرآن ایوب گوٹھ میں ناظم تعلیمات مولانا فصیح اللہ اور نائب ناظم مولانا محمد بلال کی نگرانی میں تقریب ہوئی۔علاوہ ازیں جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کراچی میں تقریب سے خطاب میں صدر مدرسہ مولانا قاسم محمود نے کہا کہ آزادی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں۔ جامعۃ الاخوان نیو کراچی میں تقریب سے جمعیت طلبہ عربیہ کے معاون امین عام مولانا سہیل ناصر، مدیر مولانا عبدالوحید و دیگر نے کہا کہ علما و طلبہ نے ہر دور میں اسلام کے لیے قربانیاں دی ہیں اور پاکستان سے محبت دین سے محبت ہے۔ مدینہ العلم اسلامک اکیڈمی پی ای سی ایچ ایس اور بہادر آباد کیمپس میں فاطمہ قادری کی زیرنگرانی جشن آزادی کی تقریب ہوئی۔طالبات نے قومی ترانہ، ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔جب کہ شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے۔ جامعہ امجدیہ کے مہتمم مولانا ریحان امجدی کے مطابق جامعہ امجدیہ شرف آباد میں پرچم کشائی کی گئی ۔مولانا ریحان ی نے پاکستان بننے کے مقاصد اور اس میں علما ئے کرام کے کردار کے حوالے سے طلبہ کو آگاہی دی جبکہ ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں بھی کرائی گئیں۔اسلامک انسٹٹیوٹ فار ایجوکیشن عامل کالونی نزد اسلامیہ کالج میں جشن آزادی تقریب میں پرنسپل اور بنوری ٹاؤن مسجد کے نائب امام مولانا سید عتیق الحسن الحسینی ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی جنوبی کے نگران مولانا محمد کلیم اللہ و دیگر نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت تمام پاکستانی باسیوں کی ہے۔ تقریب میں طلبہ نے عمدہ انداز میں جنگ آزادی کی قربانی کا ریکارڈ پیش کیا۔مفتی منیب الرحمن نے جامعہ دارالعلوم نعیمیہ کے طلبہ کو جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں عام تعطیل دی تاکہ طلبہ اپنی مرضی سے جشن آزادی مناسکیں ۔اس کے علاوہ جامعہ خیر المدارس ملتان میں ناظم اعلی وفاق المدارس ومدیر مولانا محمد حنیف جالندھری کی نگرانی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں سیکڑوں طلبہ نے پریڈ بھی کی اور قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔جامعہ اشرفیہ لاہور میں بھی تقریب ہوئی۔ تحریک لبیک سندھ کے امیر علامہ غلام غوث بغدادی کے مدرسہ جامعہ نور حمزہ اکیڈمی گلشن معمار میں جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی،جس میں طلبہ نے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کئے جس کے بعد پاکستان کی خوشحالی کے لئے دعائیں کرائی گئیں ۔