ہاکی کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر نے مطالبہ کیا ہے کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ ملنے چاہئیں جب تک کھلاڑیوں کو ذہنی یکسوئی نہیں ہوگی ان سے کیسے بہتر نتائج کی توقع کی جاسکتی ہے؟ٗ کھلاڑیوں کی انشورنس بھی ہونی چاہیے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم اگر ان کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ 2020 کے اولمپکس میں براہ راست شرکت کی اہل ہوجائے گی تاہم ایسا نہ ہوا تو کوالیفائنگ راؤنڈ کی تلوار اس کے سر پر لٹکتی رہے گی۔پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کیلئے کراچی میں انتہائی سخت ٹریننگ کی اس کی وجہ یہ تھی کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ کھلاڑیوں کو ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم کے قریب کسی اچھے ہوٹل میں ٹھہرا سکے جبکہ ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم میں بھی رہائشی سہولتیں اب موجود نہیں رہی ہیں لہذا اصلاح الدین اکیڈمی کے کمروں میں کھلاڑیوں کو ٹھہرایا گیا۔پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ایشین گیمز کی سخت ٹریننگ کے دوران کئی ماہ سے رکے ہوئے اپنے ڈیلی الاؤنسز کی وجہ سے خاصے پریشان رہے اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں یہ کہنے پر مجبور ہونا پڑا کہ اگر انھیں یہ واجبات ادا نہیں کیے گئے تو وہ ایشین گیمز میں نہیں جائیں گے۔