عمران علی شاہ کی دہری شہریت بھی سامنے آگئ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس 129 سے کامیاب ہونے والے سید عمران علی شاہ کی دہری شہریت کا معاملہ بھی سامنے آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی اے اے کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر داوؤ چوہان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سید عمران علی شاہ کے برطانوی شہری ہونے کے شواہد سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہوگئے ہیں جس میں ان کے برطانوی پاسپورٹ سے دبئی جانے کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں ۔ برطانوی پاسپورٹ نمبر 099223381 میں ان کا نام سید عمران علی شاہ ہے ، ان کی تاریخ پیدائش 19 نومبر 1973 اور پتہ بریکن ہیڈ درج ہے ۔ پاسپورٹ کے مطابق انہیں برطانوی پاسپورٹ 28 اکتوبر 2010 میں بنا کر دیا گیا تھا جو 28 جولائی 2021 تک قابل استعمال ہے ۔ ذرائع سے حاصل دستاویزات کے مطابق عمران علی شاہ نے برطانوی پاسپورٹ پر کراچی سے دبئی کے لئے 21 مئی 2018 کو رات 10 بج کر 04 منٹ پر امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 603 کے ذریعے سفر کیا ۔ دستاویزات کے مطابق مذکورہ پاسپورٹ کے ذریعے ان کا یہ سفر 156 واں تھا ، واضح رہے کہ سید عمران علی شاہ کی الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے شناختی کارڈ میں تاریخ پیدائش 19 نومبر 1973 ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے ان کے برطانوی ہونے کی تصدیق کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ان کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں معاملہ لے جا کر انہیں نا اہل قرار دلایا جاسکے ۔