نئے اسکنینڈل پر ایاز نیازی کو کراچی منتقل کرنے کی تیاری
کراچی(رپورٹ فرحان راجپوت)این آئی سی ایل اسکینڈل کے مرکزی کردار ایاز خان نیازی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا نیا اسکینڈل سامنے آگیا ہے ۔مذکورہ اسکینڈل میں ملزم ایاز خان نیازی کی گرفتاری ڈال کر آئندہ دنوں میں پنجاب سے کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔ ایاز خان نیازی سندھ کی اہم شخصیت کا قریبی دوست بھی ہے۔نیب کے تفتیش کاروں نے سپریم کورٹ کے حکم پر ملزم ایاز خان نیازی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف این آئی سی ایل کی رقم غیر قانونی طریقے سے فرسٹ داؤد انوسٹمینٹ بینک میں رکھنے کی تحقیقات کی تو شواہد سے معلوم ہوا کہ این آئی سی ایل کی انتظامیہ کا فرسٹ داؤد بینک سے 10 کروڑ روپے کی رقم رکھوانے پر 18اعشاریہ 5 فیصد کے حساب سے سالانہ منافع دینے کا معاہدہ ہوا تو این آئی سی ایل کی انتظامیہ نے 24نومبر2008 کو غیرمعمولی نفع کے لیے سرمایہ کاری کر دی۔تفتیش کاروں کو تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ این آئی سی ایل کمیٹی میں شامل محمد ظہور،احمد نقوی مرحوم،اعجاز احمد خان اور شہاب صدیقی نے سرمایہ کاری کی تجاویز دی تھیں ،جو کہ غیر قانونی تھیں پھر اس وقت کے چیئرمین طاہر جاوید اکبر نے ان غیر قانونی تجاویز کو منظور کر لیا تھا ،جس کے بعد سرمایہ کاری کی منظوری این آئی سی ایل کی انوسٹیمنٹ کمیٹی اور بورڈ آف ڈائریکٹر نے بھی دی تھیں،تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ایاز خان نیازی،ہیرا راہی داس،امین قاسم دادا،محمد جاوید سید،سید نوید حسین زیدی مرحوم، نے 11دسمبر2008 کو 64ویں بورڈ آف ڈائریکٹر کی منظوری میں سرمایہ کاری کی غیر قانونی منظوری دی تھی پھر 65 ویں میٹنگ 14دسمبر2009 کو ہوئی تو ایک سال بعد بھی انہی ملزمان نے سرمایہ کاری کی رقم منافع کے لیے بینک میں رکھنے کی منظوری دی تھی۔ نیب کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اصل میں این آئی سی ایل کی انتظامیہ نے 6ماہ کے لیے سرمایہ کاری کی تھی ،لیکن بعد میں سرمایہ کاری کی تاریخ بڑھاتے رہے نہ ہی بینک نے اصل رقم مقررہ وقت پر واپس کی تھی اور نہ ہی منافع ملا ،جس پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ شواہد کا فرانسک معائنہ کرایا گیا ہے تو ملزمان کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے۔ نیب کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ملزم ایاز خان نیازی کو بغیر عدالتی وارنٹ کے گرفتاری سے روکا تھا ،لیکن کراچی کی احتساب عدالت نے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے دستخط سے جاری ہونے والے مذکورہ ریفرنس پر ایاز خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں ۔آئندہ دنوں مذکورہ کیس میں ملزم کی گرفتاری ڈال دی جائے گی اور ملزم کو پنجاب سے کراچی منتقل کر دیا جائے گا ،تاکہ مقدمات کی سماعت شروع ہوسکے واضح رہے کہ ملزم کے خلاف این آئی سی ایل اسکینڈل کے دیگر ریفرنس زیر سماعت ہیں ۔