منی لانڈرنگ کیس میں فریال کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 4ستمبر تک توسیع کردی ، عدالت نے ملزمان حسین لوائی اورطٰحہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 18 اگست تک محفوظ کرلیا ہے۔جمعرات کے روزبینکنگ کورٹ میں سماعت کے موقع پر فریال تالپور پیش ہوئیں ۔ ان کے وکیل نے ضمانت میں تو سیع کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ ایف آئی اے حکام نے موقف اپنایا کہ مقدمے میں سابق صدرآصف علی زرداری اور دیگرملزمان کو مفرور قراردیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر انور مجید اور عبدالغنی مجید کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں ہیں اس لئے سماعت ملتوی کی جائے۔عدالت میں ملزمان حسین لوائی اور طٰحہ کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ 18اگست تک محفوظ کرلیا ہے۔