ضلع وسطی کے 250 پارک نجی تقریبات کا مرکز بن گئے
کراچی(رپورٹ:محمدنعمان اشرف)ضلع وسطی کے 250 سے زائد پارکس نجی تقریبات کا مرکز بننے کے ساتھ پارکوں میں تجاوزات بھی قائم کی گئیں، جس کے باعث عوام تفریح سے محروم ہورہے ہیں۔فیسٹیول اور تجاوزات کے عوض ایڈیشنل ڈائریکٹر پارکس لاکھوں روپے رشوت وصول کر رہے ہیں۔لاکھوں روپے مالیت سے تیار ہونے والی ناظم آبادعیدگاہ کی گرین بیلٹ اور تین ہٹی گرین بیلٹ بھی تباہی کے دہانے پہنچ گئے ہیں۔پارکس کی نگرانی کے لیے بھرتی کیے گئے ملازمین غیر حاضر رہ کر نصف حصہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کو دیتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں چھوٹے بڑے 200سے زائد پارکس ہیں، جو کچرا کنڈی میں تبدیل ہونے کے ساتھ ان کی اسٹریٹ لائٹس بھی چوری ہوگئی ہیں، جس کے باعث فیملی جانے گریز کرتی ہے ۔بیشتر پارکوں میں تجاوازات قائم کردی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ناظم آباد ماڈل پارک اور ذیشان افضال پارک میں ایڈیشنل ڈائریکٹر پارک محمد شریف خان لاکھوں روپے رشوت وصولی کے بعد مذکورہ پارکس میں فیسٹیول لگواتے ہیں، جس کی وجہ سے دونوں پارک بھی تباہ حالی کا شکار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ لاکھوں روپے مالیت سے تیار ہونے والی ناظم آبادعیدگاہ گرین بیلٹ اور تین ہٹی گرین بیلٹ بھی عدم دلچسپی کے باعث تباہی کے دہانے پہنچ گئی ہیں۔ٹنکی گراؤنڈ بھی مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ مذکورہ گراؤنڈمیں صرف متحدہ کے جلسے کے وقت ہی صفائی ستھرائی کروائی جاتی ہے۔اس گراؤنڈمیں گھاس ختم ہوجانے کی وجہ سے یہاں اب فٹبال کھیلی جاتی ہے ۔خورشید بیگم پارک، منور پارک، سر سید پارک،مدنی گراؤنڈ، ابو ریحان پارک ،انو بھائی پارک ،انور پارک سمیت دیگر پارکوں کی حالت بھی بد سے بدتر ہوگئی ہے ۔مذکورہ پارکس میں بیٹھنے کے لیے بینچیں نہیں۔اسٹریٹ لائٹس بھی ناکارہ یا چوری ہوچکی ہیں۔پارک کے اطراف کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جن کا تعفن پورے علاقے میں پھیل رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پارکس کی نگرانی کے لیے 300زائد ملازمین رکھے گئے ہیں، تاہم مذکورہ ملازمین صرف تنخواہ کے اوقات ہی دفتر آتے ہیں ۔ملازمین دیگر کاموں میں مصروف رہ کر شریف خان کو رشوت دیتے ہیں ، جس پر ان کی حاضری لگتی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل شریف خان گلبرک ٹاؤن میں تعینات تھے اور ان کو اس وقت کے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی کی مکمل سرپرستی حاصل تھی۔ضلع وسطی کے ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف نے امت کو بتایا کہ ضلع وسطی میں 250سے زائد چھوٹے بڑے پارکس ہیں‘جن علاقوں میں پانی کی فراہمی ہے ۔وہاں پارکوں کی حالت بہتر ہے۔ قلت آب کا شکار علاقوں میں بیشتر پارک خراب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارکوں میں فیسٹیول کی اجازت ڈائریکٹر دیتے ہیں۔کوہ نور پارک،شاداب گراؤنڈ،ہاکی گراؤنڈ سمیت دیگر پارکوں میں دیکھ بھال کا کام شروع کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔میرے پاس ایڈیشنل ڈائریکٹر شریف خان کے خلاف کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے تاہم جب بھی ان کے خلاف درخواست موصول ہوگی تو ضرور کاروائی کی جائے گی ۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر پارکس محمد شریف خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خبر پر موقف دینے سے انکار کردیا۔