اسٹیل مل ریٹائرڈ ملازمین کو 12 ارب واجبات ادائیگی کا حکم

0

کراچی (رپورٹ :ایس ایم انوار) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان اسٹیل مل کے 2070 ریٹائرڈ ملازمین کے تقریباً12 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے واجبات کی ادائیگی کیلئے 90 دن کا وقت مقرر کرتے ہوئے سیکریٹری پیداوار اور چیئرمین نجکاری کمیشن کو نوٹسز جاری کردئے۔ جمعرات کے روز جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس عدنان عبدالکریم پر مشتمل دورکنی بینچ نے اس کیس کا فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے وقت کمرہ عدالت کے باہر اسٹیل مل کے ریٹائرایمپلائز کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جو اپنے حق میں فیصلہ آنے پر ایک دوسرے کو گلے لگاکر مبارک باد دے رہے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے 2ہزار 70ریٹائرایمپلائز کے واجبات کیلئے دائر پٹیشن نمبر3551/2018 کی پہلی سماعت 9مئی 2018 کو ہوئی جس میں وفاقی حکومت ،سیکریٹری پروڈکشن ، سیکریٹری فنانس اور پاکستان اسٹیل ملز کو نوٹسز جاری ہوئے ۔ کیس کی دوسری اور تیسری سماعت 29مئی اور 10اگست 2018 کو ہوئی ۔ عدالت نے 16 اگست کو اس کیس کا فیصلہ سنا دیا ۔ عدالت کے دو رکنی بینچ نے سیکریٹری پیداوار اور چیئرمین نجکاری کمیشن کو حکم دیا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے 2ہزار 70ریٹائرڈ ایمپلائز کو 90 دن کے اندر تمام واجبات اداکردیں جس میں گریجویٹی ،پروایڈنٹ فنڈ اور لیوانکیشمنٹ کی رقم شامل ہے جو تقریباً 12 ارب روپے بنتے ہیں، کیس کی پیروی بیرسٹرجمالی کررہے تھے جبکہ پٹیشن پاکستان اسٹیل ریٹائرڈ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سید عمر باقی کیجانب سے دائر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں اسٹیل مل کے 100ریٹائرڈ ایمپلائز کو 25کروڑ روپے اور پھر 842 ریٹائرڈ ملازمین کو ان کی گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈز کی مد میں پونے 2 ارب روپے ادا ہوچکے ہیں تاہم ان 842 افراد کے لیوانکیشمنٹ کے 55 سے 60 کروڑ اب بھی واجب الادا ہیں۔ عدالت نے اس بقیہ رقم کی ادائیگی کیلئے بھی حکم دیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More