اپوزیشن لیڈر کیلئے حلیم عادل شیخ – فردوس نقوی میں سہ رکشی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکیلئے تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی میں رسہ کشی تیز ہوگئی جس میں حلیم عادل شیخ کا پلڑا بھاری نظرآتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کے درمیان رسہ کشی تیز ہوگئی ہے اوردونوں کی جانب سے بھرپور لابنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم نقوی مضبوط امیدوار سمجھے جارہے تھے تاہم اتحادی جماعت متحدہ کے خلاف بیان پر متحدہ رہنماوٴں نے سخت ردعمل کا اظہار کیاتھا ۔ جس کے بعد حلیم عادل شیخ کا نام اپوزیشن لیڈر کیلئے اہمیت اختیار کرگیا ہے جو بہادرآبادمرکز پہنچ کر متحدہ رہنماوٴں سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔ اس صورتحال میں پارٹی قیادت کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے امکانات زیادہ ہیں۔ تاہم اس رسہہ کشی میں پی ٹی آئی کسی اور کو بھی نامزد کر سکتی ہے ۔واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کو وزیر کے مساوی مراعات ملتی ہیں۔ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 30 ، متحدہ کے 21 جی ڈی اے کے14 جبکہ تحریک لبیک کےتین ارکان اورمجلس عمل کا ایک رکن ہے ۔