انڈونیشیا میں ’’پہلے گولی بعد میں بات‘‘آپریشن۔31 ملزمان ہلاک
جکارتہ(امت نیوز) انڈونیشیا میں ایشین گیمزسے قبل جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے کریک ڈائون میں درجنوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق’ پہلے گولی بعد میں بات‘ نامی آپریشن کے دوران31مشتبہ افراد کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن دارالحکومت جکارتہ اور سماٹرا میں کئے گئے۔ جکارتہ پولیس کے ترجمان آرگو یوانو کے مطابق ان افراد نے گرفتاری دینے میں مزاحمت کی جس سے عوام کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کی گئی کارروائیوں میں کم از کم 2ہزار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آج سے 2ستمبر تک ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والے جکارتہ، پلم بینگ اور مغربی جاوا میں اضافی ایک لاکھ سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ ایشین گیمز میں 45ممالک کے 11ہزار سے زائد ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔