وزیراعظم کے انتخاب پر احتجاج لیگی اراکین کے مطالبے پر ہوا
اسلام آباد(امت نیوز)مسلم لیگ ن کے اراکین کے مطالبے پر وزیراعظم کے انتخاب پر احتجاج کیا گیا۔اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہا گیا کہ احتجاج نہ کیا، تو دھاندلی کا بیانیہ کمزور ہوجائے گا۔احتجاج کے ذریعے نوازشریف کے بیانیئے کو تقویت دی جاسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی صدارت میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے فوری بعد احتجاج کرنے اور ن لیگ کے نامزد امیدوار کو ووٹوں سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی نے شہبازشریف سے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کے انتخاب پراحتجاج کیا جائے۔آج احتجاج نہ کیا تودھاندلی کا بیانیہ کمزور ہوجائے گا۔احتجاج کے ذریعے نوازشریف کے بیانیئے کو تقویت دی جاسکتی ہے۔شہبازشریف نے وزیراعظم کے انتخاب کے فوری بعد احتجاج پر رضامندی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پراحتجاجی مظاہرے کا فیصلہ ارکان اسمبلی کے مطالبے پر کیا گیا۔دوسری جانب پارلیمنٹ میں وزارت عظمیٰ کے انتخاب سے قبل شہبازشریف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، جس میں وزارت عظمیٰ کے انتخاب سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔