لاہور(نمائندہ امت) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے بدترین ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے مزید4کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔ چاروں نوجوانوں کو بارہمولہ اور کپواڑہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف ہزاروں کشمیریوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا ۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو شہید کئے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے 3نوجوانوں کو کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ایک اور نوجوان کوراشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے کستوری ناڑ میں تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونیو الے نوجوان عسکریت پسند تھے اور وہ فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں شہید ہوئے جبکہ مقامی کشمیریوں نے بھارتی فوج کے اس دعویٰ کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک ضلع بارہمولہ میں بھارتی فورسز کا آپریشن جاری تھا۔اتوار کے دن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فوج اور نہتے کشمیریوں کے مابین شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ اس دوران متعدد کشمیری زخمی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں داخل کروادیا گیا ہے۔