عمران کی تقریر میں ہالینڈ کی ناپاک جسارت کا کوئی ذکر نہ مذمت- عوام برہم
کراچی(امت نیوز) وزیراعظم عمران خان کی بطور وزیرعظم پہلی تقریر میں ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ ملعون گیرٹ ولڈر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی ناپاک جسارت کا کوئی ذکر تک نہ آیا نہ ہی عمران خان نے اس فعل کی کوئی مذمت کی ۔ اس پر سوشل میڈیا پر پاکستانی عوام نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا، ایک گھنٹہ نو منٹ کی تقریر میں انتظار تھا کہ ناموس رسالتﷺ پر ہالینڈ کو کوئی جواب دیا جاتامگر افسوس۔ایک خاتون کا کہنا تھا، ’’ سب کچھ یاد رہا سوائے ان کے جن کے صدقے یہ کائنات بنی جن کی نعلین پاک سے لگی خاک مبارک سے پاکستان بنا۔‘‘ امیر حمزہ پی ٹی آئی کے نام سے ایک شخص نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے ہالینڈ کو للکارا کیوں نہیں، پوری تقریر میں ایک جملہ بھی نہیں تھا۔ عابد حسین نے لکھا، ’’ کاش کے ریاست مدینہ کی مثالیں دینے والا ہالینڈ میں ہونے والی گستاخی پہ بھی دو لفظ بول دیتا۔‘‘ قاضی عاطف سہراب نے لکھا، ’’ مدینے کی ریاست کے دعوے دار عمران نیازی نے 1 گھنٹہ تقریر کی مگر زبان سے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پہ ایک حرف تک نہ نکل سکا۔‘‘