عید ٹرین گنجائش سے زائد 500 مسافر لیکر روانہ

0

کراچی (رپورٹ: اسامہ عادل) محکمہ ریلوے کی پہلی عید اسپیشل ٹرین گنجائش سے 500زائد مسافر لیکر کراچی سے پشاور کیلئے روانہ ہوگئی۔ کرایہ ادا کرنے والے مسافر ٹرین میں بجلی اور پنکھوں کی سہولیات سے محروم رہے، جبکہ مسافر خراب دروازے، کھڑکیوں اور خستہ حال بوگیوں کی شکایات کرتے رہے۔ ایک ہزار 46 کی گنجائش والی ٹرین میں ڈیڑھ ہزار سے زائد مسافر سوار تھے۔ دوسری ٹرین آج کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے کی عید سیزن کیلئے اندرون ملک جانے والی پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے پشاور روانہ ہوگئی۔ ایک ہزار 46مسافروں کی گنجائش والی پہلی اسپیشل ٹرین میں ڈیڑھ ہزار سے زائد مسافر سوار تھے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے اسپیشل ٹرین کیلئے مسافروں سے نان اسٹاپ ٹرین کا کرایہ وصول کیا گیا تھا، تاہم اسپیشل ٹرین میں بیشتر بوگیاں پرانی لگائی گئی تھیں۔ ٹرین روانگی سے قبل بعض بوگیوں کے مسافروں نے ٹرین کے بیت الخلا میں لگی ٹنکیاں اور نل لیک ہونے کیساتھ کھڑکیاں اور دروازے خراب ہونے کی شکایت بھی کی۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ریلوے نے عید اسپیشل ٹرین کیلئے جو اسٹاپ رکھے ہیں وہ نان اسٹاپ ٹرینوں والے اسٹاپ ہیں اور مسافروں سے بھی نان اسٹاپ ٹرین کا کرایہ وصول کیا گیا ہے۔ محکمہ ریلوے نے اسپیشل ٹرین کیلئے مسافروں سے عام ٹرینوں کے ٹکٹ کے مقابلے میں فی ٹکٹ300روپے اضافی رقم وصول کی ہے، تاہم اضافی رقم وصولی کے باوجود محکمہ ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرین کے مسافروں کو نان اسٹاپ ٹرین کے مسافروں کی طرح سہولیات فراہم نہیں کی گئی اور گزشتہ رات مسافروں نے اندھیرے میں سفر کرتے گزاری۔ گزشتہ روز روانہ ہونے والی پہلی اسپیشل ٹرین کراچی سے براستہ حیدر آباد، روہڑی، ملتان، خانیوال، فیصل آباد، سرگودھا، لالہ موسیٰ اور راولپنڈی اپنی منزل پر پہنچے گی۔ اسپیشل ٹرین کیلئے تمام بوگیاں اکانومی کلاس کی لگانے کے اعلان کیساتھ14بوگیوں پر مشتمل ٹرین کیلئے ایک ہزار 46 مسافروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے تھے، تاہم ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والے سیکڑوں مسافر بھی روانگی سے قبل ٹرین میں سوار ہوگئے۔ دوسری اسپیشل ٹرین آج لاہور کیلئے روانہ کی جائے گی۔ مذکورہ ٹرین کراچی سے حیدر آباد، روہڑی، ملتان ، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی لاہور پہنچے گی، جس میں اکانومی کلاس کی9بوگیاں لگائی جائیں گی، جس کیلئے702 مسافروں کو ٹکٹ فروخت کئے گئے ہیں۔ دوسری اسپیشل ٹرین میں اے سی اسٹینڈرڈ (لوئر اے سی) کی ایک بوگی بھی لگائی جائے گی، جس کیلئے 70ٹکٹ اور اے سی بزنس کلاس کی ایک بوگی میں54مسافروں کو ٹکٹ فروخت کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ ریلوے کی جانب سے عید کیلئے صرف 2 ٹرینیں چلانے کے باعث اندرون ملک اپنے پیاروں کے ساتھ عید گزارنے کے خواہش مند سیکڑوں مسافر ٹرین سفر سے محروم رہے۔ ریلوے ٹکٹ سے محروم افراد آبائی علاقوں کو روانگی کیلئے بس اڈوں کا رخ کر رہے ہیں، جہاں ٹرانسپورٹ مافیا ٹکٹوں کی مد میں مقررہ رقم سے زائد وصولی میں مصروف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More