بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کا بھی سیاست میں آنے کا فیصلہ
نئی دہلی(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی سے متاثر بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے بھی سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔سابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نومنتخب وزیراعظم پاکستان عمران خان پہلے شخص ہیں جو کرکٹ کے بعد سیاست میں آئے اور ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور اب ایک بھارتی کرکٹر نے بھی ان سے متاثر ہوکر سیاست میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بلے باز گوتم گمبھیر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو کر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔حکمراں جماعت بی جے پی نے بھی گوتم گمبھیر کو دلی سے آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹ دینے کا عندیہ دیا ہے جبکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے۔یاد رہے کہ گوتم گمبھیر بھارت کی جانب سے 58 ٹیسٹ اور 147 ایک روزہ میچز میں نمائندگی کرچکے ہیں۔