کراچی( اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ضمنی امتحانات میں 32ہزار طلبہ کے نتائج صرف 9روز میں جاری کر دیئے گئے ۔مذکورہ امتحان میں 63فیصد امیدوار کامیاب ہو ئے ۔تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے ضمنی امتحانات برائے 1439ھ کے نتائج کا اعلان کردیا ۔مرکزی ناظم کے مطابق 4 تا 6اگست کوہونے والے ضمنی امتحان میں 31827 طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔امتحان کیلئے ملک بھر میں 205 امتحانی مراکز بنائے گئے تھے ۔9 اگست سے پرچوں کی چیکنگ شروع ہوئی ،جس میں درجات کے اعتبار سے3 ممتحن اعلی ٰ کےماتحت100سے زائد مدرسین نے شرکت کی،جس کے بعد 9روز میں نتائج تیار کیے گئے، صدر و ناظم اعلی وفاق کی حتمی منظوری سے نتائج کا اعلان کیا گیا ۔مولانا عبدالمجید کے مطابق 16045 طلبہ اور 15782 طالبات میں کامیابی کا تناسب تقریباً 63 فیصد رہا ہے ۔وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،نائب صدور مولانا انوار الحق،مفتی رفیع عثمانی،ناظم اعلی قاری محمد حنیف جالندھری سمیت صوبائی نظمامولانا امداد اللہ یوسفزئی ،قاضی عبدالرشید،مولانا حسین احمد،مفتی صلاح الدین ایوبی، زبیر احمد صدیقی،قاری عبدالرشید، مولانا عادل خان،قاری حق نواز،مفتی محمد نعیم،مولانا عبدالرزاق،مولانا عبدالجلیل اور میڈیا کوارڈیینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔