جانور مہنگے ہونے سے اجتماعی قربانی کے رجحان میں اضافہ

0

کراچی (رپورٹ: اسامہ عادل )جانور مہنگے ہونے کی وجہ سے شہریوں میں اجتماعی قربانی کا رجحان بڑھ گیا۔شہر میں لاکھوں فرزندان اسلام اس سال اجتماعی قربانی میں شریک ہوں گے ۔الخدمت اور دینی مدارس کے علاوہ مختلف برادریوں نے بھی شہریوں کی سہولت کیلئے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا ہے۔ماضی کے مقابلے میں اجتماعی قربانی کیلئے خریدے گئے جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر میں اجتماعی قربانی کے بڑھتے رجحان کے باعث اس سال بھی لاکھوں شہریوں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے اجتماعی قربانی میں حصہ لے رہے ہیں ، شہر میں اجتماعی قربانی کا سب سے بڑا انتظام الخدمت کی جانب سے کیا گیا ہے، فلاحی تنظیم کےتحت مختلف علاقوں میں ہونے والی اجتماعی قربانی میں اس سال پونے 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے حصہ لیا ہے ، الخدمت کے تحت عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کے 27 ہزار سے زائد جانوروں کے ساتھ 300 سے زائد قربانی فی سبیل اللہ کے جانور بھی ذبح کئے جائیں گے ۔الخدمت کراچی کے ذمہ دار قاضی سید صدر الدین نے‘‘امت ’’کو بتایا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی عیدقرباں پر سہولت کے لئے مختلف مقامات پر الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی کا انتظام کیا گیا ہے جہاں اجتماعی قربانی کے 27 ہزار سے زائد جانور ذبح کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی کا سلسلہ عید کے ابتدائی 2 روز تک جاری رہے گا، جبکہ چند مقامات پر تیسرے روز بھی قربانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماعی قربانی کیساتھ قربانی فی سبیل اللہ کا انتظام بھی کیا گیا ہے اور سیکڑوں شہریوں نے اس حوالے سے الخدمت سے رابطہ کیا ہے۔ قاضی صدر الدین کے مطابق اس سال مختلف مقامات پر 300 سے زائد قربانی فی سبیل اللہ کے جانور ذبح کئے جائیں گے، جن کا گوشت ، لیاری ، اورنگی ، کورنگی ، نیو کراچی ، سرجانی ،افغان بستی ، مچھر کالونی اور مضافاتی بستیوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔الخدمت کے مرکزی ذمہ دار اعجاز اللہ نے بتایا کہ الخدمت کے تحت کراچی میں نارتھ ناظم آباد زون میں 3 ہزار اورگلبرگ زون میں ڈیڑھ ہزار جانوروں کی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اسی طرح ہر علاقے میں 20 سے لے کر ڈھائی سو جانوروں کی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور گوشت تقسیم کیا جاتا ہے ۔جامعہ دارالعلوم کورنگی کے تحت بھی اجتماعی قربانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال دارالعلوم کورنگی میں 300 سے زائد جانوروں کی اجتماعی قربانی ہوئی تھی جبکہ اس بار ڈھائی ہزار سے زائد شہریوں نے فی حصہ 9 ہزار کے حساب سے اجتماعی قربانی میں حصہ لیا ہے ۔ دارالعلوم کورنگی میں عید کے تینوں دن 375جانور ذبح کئے جائیں گے ، جن میں ذبیحہ کے 15 جانور بھی شامل ہیں۔ نانک واڑہ میں بھی عید کے تینوں دن اجتماعی قربانی جاری رہے گی، جبکہ ذبیحہ کیلئے بھی 25 سے زائد شہریوں انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے ۔بیت المکرم گلشن اقبال میں ہونے والی اجتماعی قربانی میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ہے، جہاں 500 سے زائد جانور ذبح کئے جائیں گے ۔اسی طرح جامعہ حمادیہ میں اس سال اجتماعی قربانی کے 335 جانور ذبح کئے جائیں گے، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لئے ذبیحہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ جامعہ دارالعلوم الصفہ بلدیہ میں اس سال اجتماعی قربانی کا حصہ 7 ہزار 500 رکھا گیا اور ڈیڑھ ہزار سے زائد شہریوں نےحصہ لیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More