غربا-مساکین کیلئے فی سبیل اللہ قربانیاں

0

کراچی(اسٹاف رپوٹر)کراچی میں فی سبیل اللہ قربانی کا رجحان بڑھ گیا ۔عید قرباں پر الخدمت، دعافاؤنڈیشن ،چیریٹی آسٹریلیا اور مدارس کے تحت ہزاروں جانوروں کی فی سبیل اللہ قربانی کی جائے گی، جس کا گوشت اورنگی، لیاری، سرجانی،نیو کراچی،کورنگی اور دیگر مضافاتی بستیوں کے علاوہ تھر پاکر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وہاں کے غربا ومستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔فی سبیل اللہ قربانی کے جانوروں میں سب سے زیادہ جانوروں کی قربانی نبی مہربان ؐ کے نام سے دی جائیں گے۔ ‘‘امت ’’کو معلوم ہوا ہے کہ فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام الخدمت، دعا فاؤنڈیشن ، چیریٹی آسٹریلیا اور دینی مدارس کی جانب سےکیا گیا ہے، جس میں اجتماعی قربانی کے فی حصہ ساڑھے 9ہزار سے 12ہزار روپے تک رکھاگیاہے ، جبکہ 6ہزار سے8ہزار روپے تک فی حصہ بھی مختص کیا گیا ہے۔ الخدمت کے مرکزی ذمہ دار اعجاز اللہ نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ ان کے پاس مختلف غیر ملکی این جی اوز کی جانب سے فی سبیل اللہ قربانی کے جانوروں کیلئےرقوم موصول ہوئی ہیں اور مختلف افراد نے گائے کیساتھ حصوں کیلئے نام بھی بھجوائے ہیں، جو جانور کی خریداری کے ساتھ ہی مقامی افراد کو بتا دیئے گئے ہیں ، تاکہ ذبح کرتے وقت قربانی کی دعا کے ساتھ ان کے نام بھی پکار ے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ماضی کے مقابلے میں امسال زیادہ جانور یا اس کی قیمت کے مساوی رقوم پہنچی ہیں،تا کہ زیادہ مستحقین میں گوشت تقسیم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تھر پارکر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام کر رہے ہیں، جبکہ کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی الخدمت کے علاوہ دعا فاؤنڈیشن اور غیر ملکی این جی کیساتھ چیریٹی آسٹریلیا کی طرف سے بھی فی سبیل اللہ قربانی کیلئےاہتمام کئے گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More