27ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے یا اڈیالہ جیل کا دروازہ توڑنے نہیں آرہے،بیرسٹر گوہر
احتجاج کرنا ہماری مجبوری ہےاگر ڈائیلاگ ہوگا تو ہم تیارہیں،احتجاج کو وزیراعلیٰ لیڈ کریں گے،بیرسٹر گوہر
فائل فوٹو
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم 27 ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے یا اڈیالہ جیل کا دروازہ توڑنے نہیں بلکہ پُرامن طور پر حقوق مانگنے کیلیے آرہے ہیں۔
راولپنڈی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، اچھی بات ہے عدالتیں ہمیں انصاف دینا شروع کریں، ہمیں عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد چاہیے، 320 دن سے ہماری بانی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو ہم اسلام آباد فتح کرنے نہیں آرہے، ہمیں انصاف کہیں سے نہیں ملا ہم اپنے حقوق مانگنے آرہے ہیں، قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے اور ہم پُرامن انداز سے آئیں گے ، خیبرپختونخوا صوبے کے وسائل کو استعمال نہیں کیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم اڈیالہ جیل کے گیٹ توڑنے نہیں آرہے بلکہ ہم چاہتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے، ہمارے مطالبات منظور اور ان پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے، ہم عدالتوں میں گئے، پارلیمنٹ اور سینیٹ میں آواز اٹھائی لیکن ہماری کسی نے نہیں سنی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی کو سات سزائیں ہوئیں، 3 سو کیسز بنائے گئے 3 سال سے جیل میں ہیں اب بس ہونی چاہییے، ریاست کو اب ہاتھ اٹھانا چاہیے اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کیلئے بانی کو اسپتال شفٹ کرکے علاج کرانا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے ہم چاہتے ہیں ملک ترقی کرے، ہمارا احتجاج کا اعلان پاک، سعودی اور ترکیہ کے اتحاد سے پہلے کا ہے، ہم نے پاکستان کے اہم سفارتی کامیابیوں میں کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جب اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات ہوئے تو ہم نے اپنا جلسہ منسوخ کردیا، ایران چین کے وفود آئے ہم اسمبلی میں ساتھ بیٹھے، بدقسمتی ہے دوسری جانب سے کوئی پیش رفت کیلئے تیار نہیں۔