نیو یارک: بینک آف امریکا کی نائب صدر چاقو کے حملے میں ہلاک
نیویارک میں پیش آنے والے اس خونی واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس حکام۔
نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار خاتون کے حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ہلاک
نیو یارک کے مصروف ترین ٹائمز اسکوائر میں 49 سالہ خاتون کی جانب سے کیے جانے والے چاقو کے حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ایرن پیاسینٹی ہلاک ہوگئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس دلخراش واقعے میں حملہ آور خاتون نے 2 راہگیروں پر چاقو سے حملہ کیا۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملہ آور خاتون 2 چاقو لہراتے ہوئے پولیس کی جانب بڑھی اور پورے 4 منٹ تک پولیس کی جانب سے ہتھیار پھینکنے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے انکار کرتی رہی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیو یارک کے میئر اور پولیس کمشنر نے اپنے مشترکہ بیان میں واضح کیا ہے کہ اس ناگہانی واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور یہ حملہ بظاہر اچانک اور مکمل طور پر انفرادی نوعیت کا تھا۔