اسرائیل کو نئی قیادت کی ضرورت ہے ، گادی آئزنکوٹ
نیتن یاہو بھی اس کا حصہ بن سکتے ہیں ، اسرائیلی متوقع وزیر اعظم
گادی آئزنکوٹ
تل ابیب: اسرائیلی صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی ایڈوائس ملنے کے بعد گادی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو فوری طور پر ایک نئے رہنما اور ایک مؤثر قومی ہنگامی حکومت کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے اور ملک مزید سیاسی تعطل یا بار بار انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کے بقول، حکومت سازی کے عمل میں تاخیر اسرائیل کے مفاد میں نہیں۔
پارلیمانی انتخابات میں کسی بھی جماعت یا اتحاد کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے بعد صدر آئزک ہرزوگ نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی۔
آئزن کوٹ نے عندیہ دیا کہ اگر ان کی قیادت میں حکومت سازی پر اتفاق ہو جائے تو بنیامین نیتن یاہو بھی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ ذاتی یا سیاسی مفادات کی خاطر قومی اتحاد کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو تاریخ مثبت انداز میں یاد نہیں رکھے گی۔
دوسری جانب صدر آئزک ہرزوگ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غیر یقینی اور حساس علاقائی حالات کا سامنا ہے، لہٰذا پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی ایران کے جوہری پروگرام کو درپیش خطرات کے تناظر میں قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر اسرائیل کا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔