سابق بھارتی ایئر مارشل جیتندر مشرا رام مندر ٹرسٹ کے نئے سی ای او مقرر

سی ای او کے انتخاب کے لیے قائم کمیٹی نے تین امیدواروں کے نام پیش کیے تھے، جن میں سے جیتندر مشرا کا انتخاب کیا گیا

September 3, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایودھیا میں رام مندر کی انتظامیہ نے سابق بھارتی ایئر مارشل جیتندر مشرا کو رام مندر ٹرسٹ کا چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ مندر کے مالی اور انتظامی معاملات میں سامنے آنے والے تنازع کے بعد کیا گیا ہے۔

ٹرسٹ کے سیکریٹری جنرل کرشن موہن نے اجلاس کے بعد بتایا کہ سی ای او کے انتخاب کے لیے قائم کمیٹی نے تین امیدواروں کے نام پیش کیے تھے، جن میں سے جیتندر مشرا کا انتخاب کیا گیا۔

جیتندر مشرا رواں سال مئی میں بھارتی فضائیہ کی مغربی فضائی کمان کے سربراہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ وہ یکم جنوری 2025 کو اس اہم کمان کی ذمہ داری سنبھال چکے تھے۔

بھارتی ذرائع کے مطابق جیتندر مشرا نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک فضائیہ میں خدمات انجام دیں اور لڑاکا طیاروں کے پائلٹ کے علاوہ تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ اور فائٹر کامبیٹ لیڈر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہیں تین ہزار سے زائد گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل ہے۔

مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی فوجی کشیدگی کے دوران وہ مغربی فضائی کمان کی قیادت کر رہے تھے۔ بھارت نے اس فوجی کارروائی کو ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا تھا۔ جیتندر مشرا نے بعد میں ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کارروائی کی اجازت ملنے کی صورت میں اہداف سے متعلق منصوبہ بندی پہلے سے تیار رکھنے کی ہدایت تھی۔

پاکستان نے ان بھارتی کارروائیوں کے دوران شہریوں کے جانی نقصان کا دعویٰ کیا تھا جبکہ نئی دہلی کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔

دوسری جانب رام مندر ٹرسٹ نے انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ سوامی گووند دیو گری مہاراج کو سیکریٹری جنرل جبکہ مہیش بھاگ چندکا کو خزانچی مقرر کیا گیا ہے۔ ٹرسٹ میں تین نئے ارکان بھی شامل کیے گئے ہیں۔

یہ تبدیلیاں مندر کے چندے سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے تنازع کے بعد سامنے آئی ہیں۔ ٹرسٹ نے نئے سی ای او کے انتخاب کے لیے ہزاروں درخواستوں میں سے امیدواروں کی ابتدائی چھان بین کی اور منتخب افراد کے انٹرویوز کیے۔

نئے سی ای او کی بنیادی ذمہ داریوں میں ٹرسٹ کے انتظامی، مالی اور دیگر معاملات کی نگرانی شامل ہوگی۔