ایران کے خلاف جنگ کا فیصلہ درست تھا،امریکا پہلے ہی کامیاب ہوچکا:ٹرمپ

اگر مستقبل میں اے آئی انسانیت کے خلاف استعمال ہونے لگی تو اسے روکنے کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکالا جاسکے گا۔

September 4, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ میں اپنی برتری ثابت کرچکا ہے اور پہلے ہی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے فیصلہ کسی عجلت میں نہیں کیا گیا بلکہ تمام پہلوؤں پر غور کے بعد اقدام کیا گیا۔ انہوں نے امریکی کارروائی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ میں امریکا اپنی طاقت اور برتری واضح کرچکا ہے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے متعلق سوال پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں اے آئی انسانیت کے خلاف استعمال ہونے لگی تو اسے روکنے کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکالا جاسکے گا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں کمی سے متعلق رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔

Truth Social پر جاری بیان میں امریکی صدر نے ان رپورٹس کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کے پاس گولہ بارود کی مناسب مقدار موجود ہے اور ملک میں دفاعی ہتھیاروں کی پیداوار مزید تیز کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بعض امریکی میڈیا رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی فوج کے کچھ اہم دفاعی ہتھیاروں اور نظاموں، جن میں ٹوماہاک میزائل، پیٹریاٹ اور تھاڈ سسٹمز شامل ہیں، کے ذخائر پر دباؤ بڑھا ہے۔