اسرائیل پانچ لبنانی قیدیوں کو رہا کرنے پر رضامند
پانچ قیدیوں میں شامل لبنانی شہری مالک کمال غازی کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا ہے۔
فائل فوٹو
لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسرائیل نے پانچ لبنانی زیرِ حراست افراد کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ مذاکرات میں امریکا ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
لبنانی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حراست میں موجود افراد میں عام شہری بھی شامل ہیں، جبکہ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ان افراد سے متعلق سکیورٹی تحقیقات کی جا چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پانچ قیدیوں میں شامل لبنانی شہری مالک کمال غازی کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا ہے۔ رہائی کے بعد انہیں بین الاقوامی ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا، جس نے بعد میں انہیں لبنانی حکام کے سپرد کردیا۔
باقی چار لبنانی قیدیوں کی رہائی بھی متوقع ہے۔ لبنان نے اس پیش رفت کو اپنے شہریوں کی واپسی اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے باعث سرحدی صورتحال بدستور حساس ہے۔
لبنانی حکومت کی جانب سے مزید زیرِ حراست شہریوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ امریکی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو جاری رکھنے اور کشیدگی میں کمی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔