دکی میں زمین پر فائرنگ،3 چوکیدار جاں بحق،2 لاپتا

تینوں افراد کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ جھالار میں سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر بطور چوکیدار فرائض انجام دے رہے تھے۔

September 5, 2026 · جرم وسزا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے جھالار میں مسلح افراد نے قبائلی رہنما سردار اکبر خان ناصر کی زمین پر تعینات چوکیداروں کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 چوکیدار لاپتا ہیں۔

ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں غنو ولد خدائیداد، آغا جان اور عزت خان شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ جھالار میں سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر بطور چوکیدار فرائض انجام دے رہے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد تینوں افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایس پی دکی کے مطابق نادر خان اور بشیر خان نامی 2 چوکیدار واقعے کے بعد سے لاپتا ہیں۔ پولیس نے دونوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

پولیس کے مطابق جھالار دکی شہر سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر جنوبی سمت میں واقع پہاڑی علاقہ ہے۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث لاپتا افراد کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھالار میں اس سے قبل بھی سردار اکبر خان ناصر کی زمینوں پر تعینات چوکیداروں کو مختلف واقعات میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ تازہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور لاپتا چوکیداروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔