مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیاں، متعدد فلسطینی املاک تباہ

اسرائیلی فوج نے بلڈوزروں کی مدد سے فلسطینی آبادیوں میں متعدد مکانات، مویشیوں کے باڑے اور پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینک مسمار کردیے۔

September 5, 2026 · بام دنیا
file photo

file photo

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران شمالی علاقوں کے متعدد دیہات میں مکانات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے بلڈوزروں کی مدد سے فلسطینی آبادیوں میں متعدد مکانات، مویشیوں کے باڑے اور پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینک مسمار کردیے۔

رپورٹس کے مطابق قصرہ کے علاقے میں کئی ہفتوں سے محصور فلسطینی خاندانوں تک انسانی امداد کی رسائی بھی متاثر رہی، جبکہ درجنوں امدادی کارکنوں کو علاقے میں جانے سے روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور نقل مکانی کے واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مغربی کنارے کے تین پناہ گزین کیمپوں سے 33 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو بے دخل کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

فلسطینی علاقوں میں جاری صورتحال پر عالمی سطح پر انسانی حقوق اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔