سابق اسرائیلی جرنیلوں کا حکومت پر آبادکاروں کی پشت پناہی کا الزام

مغربی کنارے میں آبادکار گھروں، مساجد اور فلسطینی آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ حکومت ان کارروائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

September 6, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد پر اسرائیل کے سابق فوجی جرنیلوں نے اپنی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسرائیلی جرنیلوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے لیے ایک بڑا خطرہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کی پرتشدد کارروائیاں ہیں، جنہیں نظر انداز کرنا ملکی سلامتی اور جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

سابق فوجی حکام نے الزام عائد کیا کہ مغربی کنارے میں آبادکار گھروں، مساجد اور فلسطینی آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ حکومت ان کارروائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کے ایسے واقعات اسرائیلی جمہوریت اور ریاستی اداروں کی ساکھ کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق 2026 کے دوران اب تک آبادکاروں کے تشدد، مکانات کی مسماری اور بے دخلی سمیت مختلف اقدامات کے نتیجے میں تقریباً 3,800 فلسطینی مغربی کنارے میں بے گھر ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے آبادکاروں کے تشدد میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق آبادکاروں کے حملوں میں گھروں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ فلسطینی آبادیوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے، جس سے مغربی کنارے میں انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔