لیاقت آباد میں ایل پی جی دکان پر ڈکیتی، مزاحمت پر مالک جاں بحق
جاں بحق شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
کراچی: شہر کے علاقے لیاقت آباد میں ایل پی جی کی دکان پر مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے دکان کا مالک جاں بحق ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان ایل پی جی کی دکان میں داخل ہوئے اور رقم و دیگر سامان لوٹنے کی کوشش کی۔ دکان کے مالک کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ زخمی دکاندار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات اور واردات میں ملوث ملزمان سے متعلق مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آسکیں گی۔