غزہ کے ملبے سے 100 سے زائد فلسطینیوں کی باقیات برآمد، اجتماعی نماز جنازہ

ریسکیو اور متعلقہ ٹیموں نے طویل عرصے بعد ملبے سے باقیات نکالیں، جن کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کیا گیا۔

September 6, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

غزہ: اسرائیلی حملوں سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے 100 سے زائد فلسطینیوں کی باقیات برآمد ہونے کے بعد اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق برآمد ہونے والی باقیات ان فلسطینیوں کی ہیں جو 19 نومبر 2023 کو غزہ کے ایک پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی بمباری میں جاں بحق ہوئے تھے۔ ریسکیو اور متعلقہ ٹیموں نے طویل عرصے بعد ملبے سے باقیات نکالیں، جن کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کیا گیا۔

اجتماعی نماز جنازہ کے بعد شہداء کی باقیات کو فلسطینی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر اہل خانہ اور شہریوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے لاشیں اور انسانی باقیات نکالنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، جبکہ امدادی ٹیموں کو بھاری مشینری اور دیگر وسائل کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔