تھائی لینڈ میں 5 روزہ قیام کے بعد امریکی طیارہ بردار جہاز روانہ
عام طور پر بحری جہازوں کی تعیناتی 6 سے 9 ماہ تک ہوتی ہے، تاہم جنگ یا ہنگامی صورتحال میں یہ مدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
فائل فوٹو
تھائی لینڈ: امریکی جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پانچ روزہ قیام کے بعد تھائی لینڈ سے روانہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن بدھ 2 ستمبر کو بنکاک کے قریب پٹایا کے شمال میں واقع لیم چابانگ بندرگاہ پہنچا تھا، جہاں طویل عرصے تک سمندر میں تعیناتی کے بعد جہاز پر موجود امریکی اہلکاروں کو آرام اور تفریح کا موقع فراہم کیا گیا۔
یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تقریباً 5 ہزار اہلکار موجود تھے۔ امریکی طیارہ بردار جہاز نے مشرق وسطیٰ میں طویل تعیناتی کے دوران آپریشنز میں حصہ لیا، جس کے بعد تھائی لینڈ میں قیام عملے کے لیے طویل سمندری مشن کے بعد ایک مختصر وقفے کے طور پر کیا گیا۔
امریکی بحریہ کے مطابق عام طور پر بحری جہازوں کی تعیناتی 6 سے 9 ماہ تک ہوتی ہے، تاہم جنگ یا ہنگامی صورتحال میں یہ مدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ یو ایس ایس ابراہم لنکن کی حالیہ تعیناتی غیر معمولی طور پر طویل رہی، جس کے دوران جہاز نے مسلسل کئی ماہ سمندر میں گزارے
دوسری جانب امریکی اہلکاروں کی آمد سے پٹایا کے مقامی کاروباری حلقوں کو بھی فائدہ پہنچا۔ کم سیاحتی سیزن کے دوران ہزاروں امریکی اہلکاروں کی موجودگی سے ہوٹلوں، دکانوں اور دیگر کاروباروں میں سرگرمی بڑھی۔
امریکی اہلکاروں کی آمد سے قبل پٹایا میں سکیورٹی بھی سخت کی گئی جبکہ مقامی حکام نے جنسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کیں۔ تاہم پٹایا کے میئر نے ان اقدامات کو امریکی بحری اہلکاروں کی آمد سے براہِ راست منسلک کرنے سے انکار کیا۔
اے ایف پی کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن اتوار 6 ستمبر کو تقریباً صبح 11 بجے لیم چابانگ بندرگاہ سے روانہ ہوا۔ امریکی بحریہ نے تھائی عوام کی مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا ہے۔