نئی دہلی: ہاسٹل کی عمارت زمین بوس، 2 ہلاک، 50 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ

زلزلے جیسے دھماکے سے عمارت زمین بوس، چیخ و پکار کے درمیان امدادی کارروائیاں جاری

September 6, 2026 · بام دنیا
فوٹو بھارتی میڈیا

فوٹو بھارتی میڈیا

نئی دہلی: نئی دہلی کے علاقے ستیہ نکیتن میں اتوار کی دوپہر طلبا کے لیے قائم پیئنگ گیسٹ (پی جی) عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 40 سے 50 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر کارروائی شروع کردی جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال ملبے تلے دبے یا زخمی افراد کی درست تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ عمارت گرنے سے قبل ایک زور دار آواز سنائی دی جو زلزلے کے جھٹکے جیسی محسوس ہوئی۔

ایک عینی شاہد کے مطابق عمارت کے اندر موجود افراد نے مدد کے لیے چیخنا شروع کردیا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے میں مصروف ہوگئے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ عمارت اچانک زلزلے کی گھن گرج جیسی آواز کے ساتھ ہلنے لگی، جس کے بعد لوگ فوری طور پر باہر نکل آئے۔ عمارت کے منہدم ہوتے ہی ہر طرف دھواں اور گرد و غبار پھیل گیا۔

ایک اور شخص نے بتایا کہ ملبے کے اندر سے اب بھی بچوں کے رونے اور ’’ہمیں بچاؤ‘‘ کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ اس کے مطابق عمارت میں کم از کم 25 سے 30 بچے موجود ہوسکتے ہیں۔