پمز کے مستقبل کا فیصلہ چندروزمیں متوقع ۔20رکنی اصلاحاتی کمیٹی قائم

سفارشات پر وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے

September 7, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

وفاقی حکومت نے پمز اسپتال کے مستقبل اور انتظامی امور میں اصلاحات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرنے کی تیاری کرلی۔ وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق پمز کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر پمز اصلاحات کے لیے 20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں سرکاری و نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین صحت شامل ہیں۔

کمیٹی پمز کے انتظامی اور دیگر امور کا جائزہ لے کر اسپتال کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

وارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق پمز ایکٹ میں ترمیم یا اسپتال کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے نیا آرڈیننس لائے جانے کا امکان ہے۔

پمز کے لیے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) ایکٹ کی طرز پر نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق پمز کے انتظامی امور بورڈ آف گورنرز کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے۔ بورڈ میں غیر مقامی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ پمز کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بھی مارکیٹ سے مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔