بیلجیم کی مسجد کے دروازے اور کھڑکیوں پر سواستیکا اور نفرت انگیز پیغامات کی چاکنگ
نامعلوم ملزمان کے خلاف پولیس میں شکایت درج
توفیق مسجد۔ بیلجیم
شمالی بیلجیم میں ایک مسجد پر اتوار کو سواستیکا، نفرت انگیز پیغامات اور نجاست سے حملہ کیا گیا۔ یہ معلومات بیلجیم کے سرکاری نشریاتی ادارے وی آر ٹی نے دی ہیں۔
اینٹورپ صوبے کے شہر شیلی میں واقع توفیق مسجد پر یہ شرانگیزصورت حال جمعہ کی صبح مسجد کے بورڈ ممبران نے دریافت کی۔ وی آر ٹی کے مطابق مسجد کے دروازے اور کھڑکیوں پر نفرت انگیز پیغامات اور سواستیکاپینٹ کیے گئے تھے ۔ اس کے داخلی دروازے کے سامنے گندگی بکھیری گئی ۔
مسجد کے بورڈ نے کہاکہ جب ہم نے اپنے مرکز پر پیغام، سواستیکا اور نجاست دیکھی تو ہمیں شدید صدمہ پہنچا۔
عہدیداران نے جمعہ کی نماز سے پہلے عمارت کی صفائی سے قبل تصاویر کھینچیں اور نامعلوم ملزمان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔
مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام اسے سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مسلم رائٹس واچ بیلجیم نے اس واقعے کو خالص ترین مسلمان دشمنی قرار دیا۔گروپ کے چیئرمین محمد امین چیب نے کہاکہ یہ کوئی عام شرارت نہیں بلکہ مسلمان دشمنی کا گھناؤنا اور واضح اظہار ہے۔
ادارے نے بھی شکایت درج کرانے کا اعلان کیا اور حکام سے مساجد کے گرد سیکیورٹی بڑھانے کی اپیل کی۔