ایران نے دفاعی ہتھیاروں کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کردی
مقامی میزائل، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام نے جنگ کے دوران ایران کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
فائل فوٹو
تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ رواں سال ہونے والی جنگ کے تجربات کے بعد اپنے تیار کردہ دفاعی ہتھیاروں اور دفاعی نظام کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کردی ہے۔
ایرانی فضائی دفاع کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی کے مطابق حالیہ جنگ کے دوران مقامی سطح پر تیار کیے گئے دفاعی نظام نے مؤثر کارکردگی دکھائی، جس کے بعد ان کی پیداوار میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تیار کیے جانے والے دفاعی نظام ملک کے مختلف حصوں میں ضرورت کے مطابق تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مقامی میزائل، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام نے جنگ کے دوران ایران کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ انہیں بیرونی سپلائرز پر انحصار کیے بغیر بدلتے ہوئے خطرات کے مطابق تیزی سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی دفاعی نظام ملک کے جغرافیائی اور موسمی حالات کے ساتھ ساتھ میدانِ جنگ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے جاتے ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی نے مزید کہا کہ ایران مستقبل میں مقامی دفاعی ہتھیاروں کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ مختلف دفاعی مقاصد کے لیے ان کے استعمال میں بھی مزید اضافہ کرے گا۔