لاہور میں پٹرول پمپ پر مبینہ غنڈہ گردی، رائفل لہرا کر ملازمین کو دھمکیاں
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مبینہ ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام
فوٹو سوشل میڈیا
لاہور کے ایئرپورٹ روڈ پر پٹرول پمپ میں مبینہ طور پر نشے میں دھت شخص نے ملازمین اور سکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، جبکہ مشتعل شخص نے رائفل تان کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پٹرول پمپ پر پیش آنے والے ہنگامے کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں۔ فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزم کو ملازمین سے جھگڑتے اور اسلحہ لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدا ایک معمولی تنازع سے ہوئی، جب مذکورہ شخص نے آئل ٹینکر کے حصے کو مبینہ طور پر واش روم کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔ عملے کی جانب سے روکنے پر تلخ کلامی کے بعد معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
لاہور: پٹرول پمپ پر مبینہ غنڈہ گردی، رائفل لہرا کر ملازم کو دھمکیاں
لاہور ائیرپورٹ روڈ پر واقع ایک پٹرول پمپ پر مبینہ طور پر مرسڈیز سوار شخص کی جانب سے ملازمین سے بدتمیزی، تشدد اور رائفل لہرا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ pic.twitter.com/GoFFJTixSI— Jokkerr🇵🇰 (@jokkeerrr2) September 8, 2026
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پٹرول پمپ کے ملازمین کے ساتھ سکیورٹی گارڈ کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ متاثرہ عملے کی درخواست پر تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مبینہ ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرعام اسلحہ لہرا کر شہریوں کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔