برطانیہ میں فلائٹ آپریشن درہم برہم، سیکڑوں پروازیں منسوخ

تقریباً 900 ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ 2100 کے قریب پروازوں میں تاخیر ہوئی

September 9, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

برطانیہ میں قومی فضائی ٹریفک نظام کے اہم تکنیکی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں تقریباً 3 ہزار پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

رپورٹس کے مطابق نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے پروازوں کی کارروائی اور ریڈار سے متعلق نظام میں اچانک خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث لندن ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا، لوٹن اور گلاسگو سمیت متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 900 ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ 2100 کے قریب پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ ہیتھرو ہوائی اڈے پر سیکڑوں پروازیں منسوخ اور بڑی تعداد میں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ گیٹوک اور لوٹن سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر بھی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی تاخیر کا دورانیہ ڈھائی سے تین گھنٹے تک پہنچ گیا۔ تکنیکی خرابی کے باعث متعدد پروازوں کا رخ بھی تبدیل کرنا پڑا اور کئی طیاروں کو برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس، ڈسلڈورف سمیت یورپ کے دیگر ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔
نظام میں خرابی کی اطلاع ملتے ہی تکنیکی ماہرین اور انجینئرز نے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا تاکہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کرکے فضائی ٹریفک کا نظام جلد از جلد بحال کیا جاسکے۔